کراچی: چیئرمین پی سی بی کا انتخاب کرنے کیلیے اجلاس میں6 گورننگ بورڈ ارکان کی موجودگی لازمی ہوگی۔
4 ٹاپ ریجنز اور اتنے ہی ڈپارٹمنٹس کے ساتھ2 حکومتی نمائندے گورننگ بورڈ کا حصہ ہوتے ہیں،بین الصوبائی امور کی وزارت کا ایک نمائندہ بھی میٹنگز میں شریک تاہم اسے ووٹ ڈالنے کا حق حاصل نہیں ہوتا،خصوصی اجلاس میں کم از کم 6 ارکان کی موجودگی سے کورم پورا ہوگا، کوئی بھی رکن کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتا مگراحسان مانی کا بلامقابلہ ہی منتخب ہونا یقینی ہے، عموماً حکومتی نمائندہ ہی چیئرمین بنتا ہے۔
الیکشن کمیشن کوچار ہفتے میں نئے چیئرمین کی تقرری کا عمل مکمل کرنا ہوگا،امکان یہی ہے کہ عید کی چھٹیوں کے بعد 8روز میں ہی ایسا ہوجائے گا۔ قائم مقام چیئرمین اور چیف الیکشن کمشنرسید افضل حیدر جمعے کو خط ارسال کر کے کے آر ایل سے گورننگ بورڈ کیلیے نامزدگی طلب کریں گے۔
یو بی ایل نے گزشتہ دنوں اپنی کرکٹ ٹیم ختم کر دی تھی جس کی وجہ سے اس کے نمائندے منصور مسعود خان بھی بورڈ کا حصہ نہیں رہے،وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے احسان مانی کے بعد دوسرے حکومتی ممبر کا نام بھی جلد بھیجا جائے گا۔
واضح رہے کہ گورننگ بورڈ میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین (واپڈا)، ڈاکٹر نجیب سمیع (ایچ بی ایل)، مفتاح اسماعیل (ایس ایس جی سی)، مراد اسماعیل (کوئٹہ) شاہریز عبداﷲ خان (لاہور)، کبیر احمد خان (فاٹا) سمیت کے آر ایل کے نمائندے شامل ہیں،سیالکوٹ پر ایڈہاک کی وجہ سے کسی آفیشل کو بورڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا،حکومت کے نامزد کردہ دو رکن بھی گورننگ بورڈ میں موجود ہوںگے۔
The post چیئرمین کا انتخاب؛ 6 گورننگ بورڈ ارکان کی موجودگی لازمی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2nWTUmz