چنئی: ڈبلیو ایس ایف ورلڈ جونیئر مینز اسکواش ٹیم چیمپئن شپ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو2-1 سے دھول چٹا دی۔
بھارت کے شہر چنئی کے ایکسپریس ایونیو مال میں کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میں گذشتہ روز پاکستان کا مقابلہ گروپ ای میں سرفہرست میزبان بھارتی ٹیم سے ہوا، اس سے قبل پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 2006 میں گروپ لیگ جبکہ 2008 میں سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوئیں اور دونوں مرتبہ پاکستان فاتح رہا تھا۔
گرین شرٹس نے سابقہ فتوحات کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں بھی روایتی حریف کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 سے زیر کر دیا۔ حارث قاسم نے راہول بیتھا کو سخت مقابلے کے بعد 3-1 سے ہرایا، بھارتی کھلاڑی نے پہلے گیم میں کامیابی حاصل کی تاہم حارث نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے تینوں گیمز اپنے نام کرتے ہوئے کامیابی سمیٹی، ان کی فتح کا اسکور 5-11، 16-14، 11-6 اور 11-7 رہا۔
عباس زیب نے بھارت کے نمبر ون یش فیڈٹی کو 3-1 سے زیر کیا، میزبان پلیئر نے پہلا گیم 11-6 سے جیتا تاہم عباس نے اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے اگلے تینوں گیمز میں 11-9، 12-10 اور 11-2 سے کامیابی حاصل کی، آخری میچ میں بھارت کے ویر چتورانی نے پاکستان کے محمد عزیر کو 12-10 اور 11-5 سے مات دی۔
گروپ ایف میں پاکستان کا آغاز اچھا نہیں ہوا تھا اور افتتاحی میچ میں چیک ری پبلک نے 2-1 سے ہرایا تاہم گرین شرٹس نے دوسرے مقابلے میں زمبابوے کے خلاف 3-0 سے فتح سمیٹی تھی۔ کوارٹر فائنل میں سیڈ نمبر 11پاکستان کا مقابلہ جمعے کو تھرڈ سیڈ انگلینڈ سے ہوگا۔
قومی ٹیم کے کوچ محمد یاسین نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مقابلے سے قبل بہت دباؤ تھا، پلیئرز نے محتاط آغاز کیا اور پہلے دونوں میچز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کامیابی سمیٹی، جس طرح پلیئرز نے پریشر برداشت کیا ان پر فخر ہے، انگلینڈ کے خلاف نئے جذبے سے میدان میں اتریں گے۔
دیگر میچز میں ٹاپ سیڈ مصر نے ارجنٹائن کو 3-0 سے چت کیا جبکہ سیکنڈ سیڈ کینیڈا نے آسٹریلیا کے خلاف اتنے ہی مارجن سے کامیابی سمیٹتے ہوئے کوارٹر فائنلز میں رسائی حاصل کی۔ سیڈ نمبر 9 ہانگ کانگ نے نمبر 7 کولمبیا کے خلاف 2-1 سے فتح پائی۔ ملائیشیا نے آئرلینڈ ، انگلینڈ نے جرمنی، چیک ری پبلک نے سوئٹزر لینڈ، امریکا نے نیوزی لینڈ کو 2-0 کے یکساں مارجن سے شکست دی۔
The post ورلڈ جونیئر ٹیم اسکواش؛ پاکستان نے بھارت کو دھول چٹا دی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2mLEwZu