عمران خان کی کامیابی؛ ملکی و غیر ملکی کھلاڑی خوشی سے نہال - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

عمران خان کی کامیابی؛ ملکی و غیر ملکی کھلاڑی خوشی سے نہال

 لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کی عام انتخابات میں کامیابی پر ملکی و غیر ملکی کھلاڑی خوشی سے نہال ہیں۔

22 سال کے طویل عرصے بعد پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق قومی کپتان عمران خان کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں، عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی واضح برتری کے بعد عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے روشن امکانات ہیں، خوشی کے اس موقع پر قومی اور بین الاقوامی کرکٹرز بھی پیچھے نہیں رہے اور انھوں نے عمران خان کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے دور میں ملک ترقی و خوشحالی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹویٹر پر عمران خان اور پی ٹی آئی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ایک تاریخی جیت ہے، آخرکار 22 برس کی جدوجہد رنگ لے آئی ہے۔ آفریدی نے عمران خان کیلیے لکھا کہ پاکستانیوں کو آپ سے بہت امیدیں ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ آپ آگے آکر قیادت کریں گے، بعد ازاں انھوں نے تمام مخالف جماعتوں اور میڈیا سے درخواست کی کہ انتخابی نتائج کو تسلیم کریں اور نئے پاکستان کے لیے مدد کریں۔

سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی انتخابات میں کامیابی پر عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنی کپتانی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو بلندیوں پر پہنچایا، امید ہے کہ وہ بطور وزیر اعظم بھی پاکستان کو ترقی کے آسمان پر لے جائیں گے۔

ماضی کے عظیم بولر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کام کرنے دیں، وہ عوام کا مستقبل بہتر بنائیں گے، وقار یونس نے کہا کہ عظیم لیڈر کی جانب سے ایک خاص تقریر، فخر ہے کہ اتنے بڑے لیڈر کا شاگرد رہا ہوں۔

قومی کرکٹر محمد حفیظ نے بھی عمران خان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ آپ نے ایک بار پھر کر دکھایا، یہ کرپشن کے خلاف طویل جدوجہد تھی۔ محمد حفیظ نے عمران خان کو طاقتور، بھروسہ مند اور بہترین رہنما قرار دیتے ہوئے لکھا کہ بن گیا نیا پاکستان، انشا اللہ۔ کرکٹر احمد شہزاد نے بھی عمران خان کی جدوجہد کو سراہا اور انھیں مبارک باد پیش کی۔ انھوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ آخر کار اب ہمارے پاس ایک ایسا رہنما ہے جس پر ہم فخر کرسکتے ہیں، نئے پاکستان کا خواب پورا ہوگیا ہے۔

غیر ملکی کھلاڑیوں میں ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بولر ای ین بشپ نے عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نئے وزیر اعظم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، وزیر اعظم عمران خان۔ انھوں نے مزید کہاکہ امید ہے آپ ایک مثالی لیڈر کے طور پر اپنے ملک کی خدمت کریں گے۔ بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے کہا کہ عمران خان کو قوم کی رہنمائی کرتا دیکھنا دلچسپ ہوگا۔

برطانوی نژاد پاکستانی باکسر عامر خان نے عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا ہے اور کہا کہ پاکستان کو مل کر بہتر بنائیں، چیئرمین آئی پی ایل راجیو شکلا نے بھی اپنے پیغام میں عمران خان کو مبارکباد دی، سابق بھارتی کپتان کپیل دیو نے کہا کہ یہ عمران خان کا بہت بڑا کارنامہ ہے، ورلڈ کپ جیتنے کیلیے بھی ان میں جنون تھا اور وہ اب بھی بالکل ویسے ہی ہیں، انھیں یہاں پہنچنے کیلیے 25 سال لگے، امید کرتا ہوں کہ وہ اپنی کامیابی ملک کی بہتری کیلیے استعمال کریں گے۔

مشتاق احمد، ثقلین مشتاق، عمر گل، اظہر علی، عماد وسیم، وہاب ریاض، قومی پیراک کرن خان، ثنا میر، عامر یامین، احسان عادل و دیگر نے بھی عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

The post عمران خان کی کامیابی؛ ملکی و غیر ملکی کھلاڑی خوشی سے نہال appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2mJGv0i