مقبوضہ کشمیر میں نامعلوم افراد کا حملہ، 7 بھارتی اہلکار زخمی - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

مقبوضہ کشمیر میں نامعلوم افراد کا حملہ، 7 بھارتی اہلکار زخمی

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں نامعلوم حملہ آوروں نے بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی ایک پارٹی پرگرینیڈ سے حملہ کیا جس میں 7 اہلکار زخمی ہوگئے۔

بھارتی پولیس افسر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے اونتی پورہ کے نزدیک جوبیارہ چوک میں سی آر پی ایف کی ایک پارٹی پر حملہ کیا جس میں 4 زخمی اہلکاروں کو علاج کیلیے نزدیک کے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 3 شدید زخمی اہلکاروں کو سری نگر کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، واقعے کے فوراً بعد بھارتی فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش کیلیے علاقے کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کر دی۔

دوسری جانب حریت پسند رہنماؤں نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر آئین کی دفعہ 35 اے کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور احتجاجی مہم چلائیں گے جبکہ  5 اور 6 اگست کو وادی میں مکمل ہڑتال کی جائے گی، یاسین ملک، میر واعظ عمر فاروق نے سید علی گیلانی کے گھر جا کر ملاقات کی اور بھارت کی جانب سے آئین کی دفعہ 35 اے کو ختم کرنے کیلیے دائر پٹیشن پر تفصیلی گفتگو کی۔

مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تحریک انصاف کے سربراہ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ تنازع کشمیر کے پرامن حل کیلیے عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب دے۔

مقبوضہ کشمیر میں دوران حراست لاپتہ کیے جانے والے افراد کے لواحقین نے پریس کالونی سری نگر میں خاموش احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے گرفتاری کے بعد لاپتہ کیے جانے والے معصوم کشمیریوں کی بازیابی کیلیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

مقبوضہ کشمیرکی سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد زہر کا گھونٹ پینے کے مترادف تھا، جموں کو کشمیر میں اتحاد کے فیصلے کے بعد انتہائی دباؤ میں کام کیا، 3 سال تک ریاست میں اتحادی حکومت چلائی، اس کے بعد بی جے پی نے جون میں تعاون واپس لے کر حکومت برخاست کر دی۔

 

The post مقبوضہ کشمیر میں نامعلوم افراد کا حملہ، 7 بھارتی اہلکار زخمی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2K6HaSU