اسٹاک مارکیٹ؛ مثبت سیاسی خبروں پر خریداری، مزید 7 حدیں بحال - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

اسٹاک مارکیٹ؛ مثبت سیاسی خبروں پر خریداری، مزید 7 حدیں بحال

 کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا تسلسل جمعہ کو بھی جاری رہا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے حصص کی خریداری میں دلچسپی برقرار رہنے کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس مزید697.29پوائنٹس اضافے سے 42786.54 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ تیزی کے سبب 74.48 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 95 ارب 44 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا اورحصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی جمعرات کی نسبت 51.57 فیصد زائد رہا۔

الیکشن کے پر امن انعقاد، تحریک انصاف کی کامیابی، عمران خان کی تقریر اور مسلم لیگ (ن) کی اسمبلیوں میں بیٹھنے کے بیان جیسے مثبت سیاسی خبروں پر سرمایہ کاروں کی جانب سے مسلسل دوسرے روز سرمایہ کاروں نے مثبت رسپانس دیا جس کے زیر اثرجمعہ کو ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ، توانائی، کیمیکل، سیمنٹ اور دیگر سیکٹر میں نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کی گئی جس کے نتیجے میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اورکے ایس ای 100 انڈیکس 42100، 42200، 42300، 42400، 42500، 42600 اور 42700 کی نفسیاتی حدیں بحال ہوتی چلی گئیں جب کہ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 42845 پوائنٹس کی بلند سطح پربھی ریکارڈ کیا گیا تاہم پرافٹ ٹیکنگ رجحان کے باعث مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا لیکن مجموعی طور پر تیزی کے اثرات غالب رہے اور مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 697.29پوائنٹس اضافے سے42786.54پوائنٹس پر بند ہوا۔

اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 390.89 پوائنٹس اضافے سے21335.95پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1266.65 پوائنٹس اضافے سے 72172.06پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 336.34 پوائنٹس اضافے سے30713.41پوائنٹس پر بند ہوا۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر353کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے264کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 72کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ17کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔

بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافے سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں95 ارب 44 کروڑ 65 لاکھ 86 ہزار 927روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 86 کھرب 90 ارب 54 کروڑ 92 لاکھ 57 ہزار 361 روپے ہوگئی۔

گزشتہ روز مجموعی طور پر 38 کروڑ 54 لاکھ 93 ہزار 950 شیئرزکاکاروبارہوا، جو جمعرات کی نسبت13کروڑ11لاکھ65 ہزار 360 شیئرز زائد ہے۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے فلپس موریس کے حصص سرفہرست رہے، جس کے حصص کی قیمت133.12روپے اضافے سے 2795.65 اورانڈس موٹرزکو کے حصص کی قیمت56.45روپے اضافے سے1354.96 پر بند ہوئی۔

نمایاں کمی پاک ٹوبیکو کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 100.00روپے کمی سے2050.00 اور کولگیٹ پامولیوکے حصص کی قیمت90.00روپے کمی سے 2890.00پر بند ہوئی۔ جمعہ کوپاک انٹرنیشنل بلک کی سرگرمیاں 3 کروڑ 97 لاکھ34ہزار500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں، جس کے شیئرز کی قیمت78پیسے اضافے سے1.28 اورپی آئی اے سی کی سرگرمیاں 2 کروڑ 39 لاکھ20ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جس کے شیئرز کی قیمت79پیسے اضافے سے 6.99 ہو گئی۔ ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار رہنے کا امکان ہے۔

The post اسٹاک مارکیٹ؛ مثبت سیاسی خبروں پر خریداری، مزید 7 حدیں بحال appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » بزنس https://ift.tt/2AiYc0u