ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی مدت میں توسیع کا مطالبہ - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی مدت میں توسیع کا مطالبہ

 کراچی:  ریئل اسٹیٹ سیکٹر نے سابقہ حکومت کی متعارف کردہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کوکامیابی سے ہمکنارکرنے کے لیے اس سے استفادے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کردیا ہے۔

پاکستان ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ فورم کے صدرشعبان الٰہی نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ وہ بیرونی ممالک میں مقیم اوورسیز پاکستانیز اورمقامی لوگوں کو 2 سے5 فیصد ٹیکس ادائیگی پر اپنے غیرظاہرشدہ اثاثوں اور آمدنی کوقانونی درجہ دینے کی پیشکش کرے، حکومت پاکستان کو ایمنسٹی اسکیم انڈونیشین ماڈل پر چلانی چاہیے اور اس سے بھرپورفائدہ اٹھانے کے لیے اس کی مدت کوکم ازکم 1سال تک بڑھانا چاہیے۔

حکومت پاکستان کی اعلان کردہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی مدت30 جون2018 کو ختم ہوجائے گی، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو اس اسکیم کے تحت3.5 ارب ڈالر قومی خزانے میں آنے کی توقع تھی، انڈونیشی ماڈل میں ایمنسٹی اسکیم کی پیشکش 1 برس پر محیط تھی۔

انڈونیشی ماڈل کے تحت ایمنسٹی اسکیم کے اعلان کے پہلی سہ ماہی میں غیرظاہر کردہ دولت کو ٹیکس نیٹ میں لانے والوں سے انتہائی کم شرح سے ٹیکس وصول کیا گیا تھا اس کے بعد انڈونیشیا کی حکومت نے مرحلہ وار ایمنسٹی اسکیم سے استفادہ کرنے والوں کے لیے ٹیکس کی شرح میں اضافہ کیا اوراختتامی 3 ماہ میں اپنی دولت کو ٹیکس نیٹ میں لانے والوں پر سب سے زیادہ ٹیکس لاگو کیا گیا تھا۔

فورم کے صدر شعبان الٰہی نے موجودہ ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ وہ اسکیم کی حتمی تاریخ میں کم ازکم 3 ماہ کی توسیع کرنے کے احکام جاری کریں تاکہ آخر میں اس اسکیم سے استفادہ کرنے والوں سے زیادہ شرح ٹیکسوں کے ساتھ قومی خزانے میں زیادہ وصولیاں ممکن ہو سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد اسکیم سے مستفید ہونا چاہتی ہے اور اس اسکیم میں حکومتی دلچسپی کے سبب غیرملکی زرمبادلہ حاصل ہوسکے گا اور اس زرمبادلہ کی ملک کواشد ضرورت ہے۔

The post ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی مدت میں توسیع کا مطالبہ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » بزنس https://ift.tt/2LUdtWH