پاکستان میں پہلی کلاسک فٹبال لیگ سال کی آخری سہ ماہی میں ہوگی - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

پاکستان میں پہلی کلاسک فٹبال لیگ سال کی آخری سہ ماہی میں ہوگی

 لاہور:  پاکستان میں پہلی کلاسک فٹبال لیگ رواں سال کی آخری سہ ماہی میں کروانے کا اعلان کردیا گیا۔

پی ایف ایف اور اسٹرابری سپورٹس منیجمنٹ کے اشتراک سے ہونے والے ٹورنامنٹ کی فرنچائز ٹیموں میں پاکستان کے بہترین ٹیلنٹ کیساتھ انٹرنیشنل کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔ فٹبال ہائوس میں ہونے والی پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ کلاسک لیگ کیلیے قومی فٹبالرز کی ابتدائی فہرست مرتب کی جاچکی ہے جبکہ پی ایف ایف کے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کیساتھ رابطے جاری ہیں، فیڈریشن حکام نے لیگ کو پاکستان میں فٹبال کے فروغ کیلیے اہم قدم قرار دیا۔

دوسری جانب نجی اسپورٹس منیجمنٹ کمپنی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ کامیاب بنانے کیلیے بھرپور تیاری کیساتھ متعدد تعارفی پروگراموں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ایف ایف شعبہ لیگ ڈیولپمنٹ و میڈیا کے سربراہ اور کلاسک لیگ کے ڈائریکٹر شاہد نیاز کھوکھر نے کہا کہ سی ایف ایل ملک میں فٹبال کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ دنیا کا مقبول ترین کھیل بدقسمتی سے پاکستان میں پیچھے رہ گیا، اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ملکی فٹبال میں جدید رجحانات متعارف نہیں کروائے جاسکے،کلاسک لیگ اس ضمن میں ایک اہم پیش رفت ہے جس کے آگے چل کر بہت زیادہ مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

پی ایف ایف کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر اور سی ایف ایل کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین شہزاد انور نے فٹبال کے فروغ کیلیے پیش رفت کرنے پر نجی کمپنی کے جذبے کو سراہا۔ انھوں نے یقین دلایا کہ وسیع تجربہ رکھنے والی سلیکٹرز کی ٹیم ڈائمنڈ، گولڈ اور ایمرجنگ کیٹیگریز میں بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی تاکہ شہروں سے منسوب مضبوط ٹیمیں تشکیل پائیں اور شائقین کو بہترین فٹبال دیکھنے کو ملے۔

ڈائریکٹر کمپٹیشن پی ایف ایف سجاد محمود نے کہا کہ سی ایف ایل میں مقابلے کی فضا پیدا ہونے سے پاکستان پریمیئر لیگ اور بی ڈویژن فٹبال کیساتھ ٹیلنٹ کی تلاش کیلیے ہمیں مزید ایک ایونٹ میسر آجائے گا۔

چیئرمین کلاسک فٹبال لیگ حیدر علی دائود خان نے کہا کہ فیفا کی جانب سے معطلی کے دوران پاکستان فٹبال کو ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے کیلیے سرگرمیوں میں اضافہ کرنا ضروری ہے، اس ضمن میں ایک کوشش کرتے ہوئے پی ایف ایف کیساتھ ہاتھ ملارہے ہیں، سی ایف ایل سے کھلاڑی،آفیشلز اور ملکی فٹبال سب بہتری کی جانب سفر شروع کریں گے۔

انھوں نے بتایا کہ پلاٹینم کیٹیگری میں انٹرنیشنل میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے کھلاڑی شامل ہونگے، ملکی سطح پر کھیلنے والے ڈائمنڈ اور موقع ملنے کے منتظر گولڈ کیٹیگری میں شامل کیے جائیں گے، ایونٹ میں کم ازکم 4 ٹیمیں شریک ہوں گی۔

The post پاکستان میں پہلی کلاسک فٹبال لیگ سال کی آخری سہ ماہی میں ہوگی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2kWGVjl