دکانداروں نے مرغی کے گوشت کی قیمت 350 روپے کلو تک پہنچا دی - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

دکانداروں نے مرغی کے گوشت کی قیمت 350 روپے کلو تک پہنچا دی

 کراچی: چاند رات کو مرغی کی قیمت 350 روپے کلو تک پہنچ گئی۔

شہری انتظامیہ نے قیمت پرقابوپانے کے بجائے سرکاری نرخ نامہ جاری کرنے کی رسم بھی چاند رات کو ترک کردی جس سے فائدہ اٹھاکر مرغی فروشوں نے من مانی قیمت وصول کی، چاند رات کو شہر میں ٹماٹر کی قیمت نے بھی سینچری مکمل کرلی اور رمضان کے وسط تک 40روپے کلو تک فروخت ہونے والا ٹماٹر 100روپے کلو قیمت پر فروخت کیا گیا۔

مرغی کی قیمت بڑھنے کی وجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد نے گائے بچھیا کے گوشت کی خریداری کو ترجیح دی جس کی وجہ سے گوشت کی دکانوں پر رات گئے تک گاہکوں کا رش لگا رہا بیشتر علاقوں میں قصابوں نے دکانوں کے سامنے گائے بچھیا ذبح کرکے گوشت فروخت کیا۔ گائے بچھیا کا گوشت بھی سرکاری نرخ سے 150سے 200 روپے کلو زائد تک فروخت کیا گیا۔

عید پر پکوانوں میں دہی کے بڑے پیمانے پر استعمال کی وجہ سے شہر میں دودھ دہی کی دکانوں پر بھی رات گئے تک رش لگا رہا دودھ کی قلت کی وجہ سے بیشتر دکانیں جمعہ کی نماز تک بند رہیں سہ پہر کھلنے والی دکانوں پرگاہکوں کا رش لگ گیا، عید پر شیرخورمہ اور کھیر وغیرہ کی تیاری کے لیے دودھ کی طلب بڑھنے پر شہریوں نے ڈبہ بند دودھ کی خریداری کی۔

عید پر کھانے پینے کے لوازمات فروخت کرنے والی دیگر دکانوں اور بیکریوں پر بھی گاہکوں کا رش لگا رہا شہریوں نے عید کے خصوصی آئٹم کچوریوں کی خریداری چاند رات سے شروع کردی خستہ اور مزے دار کچوریوں کے بغیر عید کی مہمان نوازی ادھوری سمجھی جاتی ہے۔

اس کے علاوہ عید کے لیے مٹھائی کی فروخت بھی چاند رات سے شروع ہوگئی مٹھائی کی دکانوں پر خصوصی انتظامات کیے گئے بیشتر بیکریوں اور مٹھائی کی دکانوں کو خصوصی طور پر آراستہ کیا گیا اور اضافی کاؤنٹرز مقرر کیے گئے۔

The post دکانداروں نے مرغی کے گوشت کی قیمت 350 روپے کلو تک پہنچا دی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » بزنس https://ift.tt/2JUzPK9