ویکسی نیشن کے باوجود کالی کھانسی پھر سر اٹھانے لگی - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ویکسی نیشن کے باوجود کالی کھانسی پھر سر اٹھانے لگی

اونٹاریو: طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں میں ہونے والی بیماری ’ کالی کھانسی‘ میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جس کا سدباب پہلے سے بہتر ویکسی نیشن سے ہی ممکن ہے۔

پبلک ہیلتھ اونٹاریو کے تحت حال ہی میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق ’ کالی کھانسی ‘ کے مریضوں میں اتنی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جو اس سے قبل دیکھنے میں نہیں آیا۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی ’کالی کھانسی ‘ کو جدید ویکسی نیشن کے ذریعے قابو میں کیا جاسکتا ہے۔ تاکہ اس مرض کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

قبل ازیں یونیورسٹی آف جارجیا نے اپنی ایک تحقیق میں بتایا تھا کہ ’ کالی کھانسی‘ کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ نامکمل ویکسی نیشن ہے دنیا بھر میں جدید اور اپ ٹو ڈیٹ ویکسین ہر کسی کو دستیاب نہیں جس کی وجہ سے یہ بیماری پھر سے سر اُٹھانے لگی ہے جس کا نشانہ زیادہ تر نوزائیدہ بچے ہوتے ہیں۔

کالی کھانسی کو پریٹس بھی کہا جاتا ہے جو ایک خاص قسم کے بیکٹیریا ’ڈیٹیلا پیرٹیسیس ‘ کے سانس کی نالی پر حملے کی صورت میں ہوتی ہے۔ یہ بیکٹیریا ناک اور منہ کے ذریعے جسم میں داخل ہوتا ہے اور سانس کی نالی کے اوپری حصے اور پھیپھڑوں میں انفیکشن کا باعث بنتا ہے جس سے مسلسل کھانسی کا دورہ پڑتا ہے چہرے کا رنگ تبدیل اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے۔ یہ بیکٹیریا زیادہ تر بچوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

واضح رہے کہ کالی کھانسی کو حفاظتی ٹیکے کے ذریعے روکا جا سکتا ہے۔ جن لوگوں میں حفاظتی ٹیکہ لگ چکا ہوتا ہے، ان میں وقت گزرنے کے ساتھ قوت مدافعت کم ہو جاتی ہے جب کہ جن بالغان کو بوسٹر ویکسی نیشن نہیں لگی ہو انہیں یہ بیماری لگ سکتی ہے اور ایسے افراد بچوں کو یہ بیماری لگا سکتے ہیں۔ اسی طرح وہ نوزائیدہ بچے جنہیں کالی کھانسی کے مکمل حفاظتی ٹیکے نہیں لگتے، انہیں یقینی طور پر خطرہ لاحق رہتا ہے۔

The post ویکسی نیشن کے باوجود کالی کھانسی پھر سر اٹھانے لگی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » صحت https://ift.tt/2KtqMND