رجسٹریشن بک ختم، گاڑیوں کے لیے اسمارٹ کارڈ متعارف کرایا جائے گا - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

رجسٹریشن بک ختم، گاڑیوں کے لیے اسمارٹ کارڈ متعارف کرایا جائے گا

کراچی: محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن بک ختم کرکے اسمارٹ کارڈ متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا ہے۔

جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی دستی کتاب (مینول رجسٹریشن بک) ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس اسمارٹ رجسٹریشن کارڈ متعارف کرایا جائے گا اسمارٹ کارڈ نادرا کی جانب سے جاری کردہ قومی شناختی کارڈ کی طرز پر ہوگا جس میں کئی سیکیورٹی فیچرز ہوں گے  ان سیکیورٹی فیچرز کو بھی بتدریج فعال کیا جائے گا ۔

کارڈ پر کیو آر کوڈ بھی درج ہوگا جسے اسکین کرنے پر گاڑی کا ماڈل ، رنگ ، رجسٹریشن نمبر ، ٹیکس کی ادائیگی اور دیگر تمام معلومات سامنے آجائیں گی اس سلسلے میں عملی اقدامات شروع کردیے گئے ہیں کارڈ کا اجرا مارچ سے شروع کیے جانے کا امکان ہے مینول بک یکدم ختم نہیں کی جائیں گی بلکہ مرحلہ وار پورا نظام اسمارٹ کارڈ پر منتقل کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں شہریوں کو بھی وقت دیا جائے گا کہ وہ مینول بک کے بجائے اسمارٹ کارڈ سسٹم کو اپنالیں اس منصوبے سے نہ صرف کاغذات بنوانے میں شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوگا بلکہ ایک ہی رجسٹریشن نمبر پر کئی گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کی شکایات بھی ختم ہوسکیں گی ذرائع نے بتایا ہے کہ عملی اقدامات کے لیے مختلف آئی ٹی کمپنیوں سے کوٹیشن طلب کرلی گئی ہیں جوکہ منصوبے کو تکنیکی معاونت فراہم کریں گی۔

رجسٹریشن کارڈ کی قیمت کا حتمی تعین ابھی نہیں کیا گیا ہے لیکن اس کی قیمت کا اندازہ ایک ہزار روپے تک لگایا جارہا ہے اسمارٹ کارڈ کے منصوبے کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا اس سلسلے میں ایکسپریس کے رابطہ کرنے پر محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر وحید شیخ نے بتایا ہے کہ موجودہ دور جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے اس سلسلے میں محکمہ ایکسائز بھی اقدامات کررہا ہے اور تمام تر ڈیٹا کو کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اسی ضمن میں مینول بک کو ختم کرکے اسمارٹ کارڈ جاری کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اسمارٹ کارڈ کی بدولت موقع پر ہی گاڑی کی تمام تر تفصیلات سامنے آجائیں گی اس منصوبے کا دائرہ کار بتدریج وسیع کیا جائے گا کچھ آئی ٹی کمپنیوں سے مشاورت جاری ہے اور ٹیکنیکل سپورٹ کے لیے کمپنیوں کو منتخب کرنے کا عمل آخری مراحل میں ہے منصوبے کی فنانشل بڈ کے بعد ہی کارڈ کی قیمت کا حتمی طور پر تعین کیا جاسکے گا فی الحال کارڈ کی قیمت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

وحید شیخ نے مزید بتایا کہ محکمے کی جانب سے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں کہ مارچ میں اس منصوبے کو حتمی شکل دے کر شہریوں کو کارڈ کے اجرا کا عمل شروع کیا جاسکے، شہریوں کی سہولت کی خاطر کارڈ کا اجرا مرحلہ وار کیا جائے گا۔

 

The post رجسٹریشن بک ختم، گاڑیوں کے لیے اسمارٹ کارڈ متعارف کرایا جائے گا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان http://ift.tt/2GqGpU9