اسپیشل اولمپک نیشنل گیمز کا رنگا رنگ تقریب میں آغاز - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

اسپیشل اولمپک نیشنل گیمز کا رنگا رنگ تقریب میں آغاز

لاہور: اسپیشل اولمپک نیشنل گیمزکا لاہور میں آغاز ہوگیا تاہم رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ایونٹ کا افتتاح ڈائریکٹر اسپورٹس انیس شیخ نے کیا، اسپیشل اولمپکس پاکستان اور وزیراعلیٰ اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے زیراہتمام نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس کے جمنازیم ہال میں شیڈول گیمزمیں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اوراسلام آباد کے دستوں نے مہمان خصوصی کو مارچ پاسٹ کرتے ہوئے سلامی دی جب کہ اسپیشل اولمپک نیشنل گیمز 2018 کی مشعل کراچی کے حوالے کی گئی۔ افتتاحی تقریب میں بچوں نے اپنے صوبوں کے علاقائی گیت بھی سنائے جس سے حاضرین محظوظ ہوئے۔

گیمز میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے 250 کھلاڑی بوکی، پاور لفٹنگ اور فٹبال کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں، اسپیشل اولمپک نیشنل گیمز 2018 میں کامیاب ہونے والے کھلاڑی مارچ 2019 میں ہونیوالے ورلڈگیمز میں حصہ لیں گے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپورٹس بورڈ پنجاب کے ڈائریکٹر اسپورٹس انیس شیخ نے کہا کہ اسپیشل بچے ہمیں سب سے زیادہ عزیز ہیں، اسپورٹس بورڈ پنجاب نے ہمیشہ اسپیشل بچوں کواولیت دی ہے اور ہر ایونٹ کے انعقاد کیلیے بھرپور تعاون کیا ہے، خصوصی بچے معاشرے کا اہم ترین حصہ ہیں جن کی حوصلہ افزائی انتہائی ضروری ہے، ہمارے اسپیشل بچوں نے عالمی مقابلوں میں میڈلزجیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے جس پر پوری قوم کو ان بچوں پر فخر ہے۔

انیس شیخ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت اسپیشل بچوں کوبھی اسپورٹس کیلیے تمام سہولتیں فراہم کر رہی ہے، میں پنجاب حکومت کی جانب سے اسپیشل بچوں کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ اسپورٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، اسپورٹس بورڈ پنجاب ان کو ہر طرح کی سہولت اور تربیت فراہم کرے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیشل اولمپکس پاکستان کے وائس چیئرمین انیس الرحمان نے کہاکہ اسپیشل بچوں کی نیشنل گیمز کے انعقاد میں تعاون پر اسپورٹس بورڈ پنجاب کے شکرگزار ہیں، صوبائی وزیرکھیل جہانگیر خانزادہ نے اسپورٹس کے فروغ کیلیے اہم اقدامات کیے ہیں جبکہ سیکریٹری اسپورٹس پنجاب عامر جان کے تعاون کے بغیر نیشنل گیمز 2018 کا انعقاد ممکن نہ تھا۔

انیس الرحمان نے مزید کہا کہ اسپیشل بچوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کیلیے اسپورٹس بہترین پلیٹ فارم ہے، اسپورٹس میں حصہ لیکر وہ خود کو معاشرے کا اہم فرد تصور کرتے ہیں جس سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اسپیشل اولمپک نیشنل گیمز کے 50 سال مکمل ہونے کا جشن بھی منارہے ہیں۔

 

The post اسپیشل اولمپک نیشنل گیمز کا رنگا رنگ تقریب میں آغاز appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل http://ift.tt/2Bxxug4