خدارا قوام کا وقت ضائع نہ کریں: شہباز شریف - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

خدارا قوام کا وقت ضائع نہ کریں: شہباز شریف




وزیراعلیٰ شہبازشریف نے سروسز ہسپتال میں نئے تعمیر ہونیوالے غازی علم دین شہید بلاک کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے بلاک کے 7ویں فلور پرلیور (Liver) کلینک کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نئے بلاک کے ریڈیالوجی، بچہ وارڈ اور دیگر شعبوں میں گئے‘ طبی سہولیات اور ہسپتال کے الیکٹرانک پرچی سسٹم کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں اور سٹاف سے گفتگو میں کہا کہ 1 ارب 37کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالی یہ عمارت جدید طبی سہولتوں سے آراستہ ہے۔ نئی عمارت میں مریضوں کی سہولت کیلئے تین لفٹوں کے علاوہ ایک خصوصی لفٹ بھی نصب کی گئی ہے اور اس لفٹ کے ذریعے مریض کو بیڈ کیساتھ اوپر اور نیچے منتقل کیا جاسکے گا۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ سروسز ہسپتال میں ایک نیا شاندار بلاک تعمیر کیا گیا ہے جو خود ایک بڑا ہسپتال ہے۔ میں ینگ ڈاکٹرز کو بھی مبارکباد دیتا ہوں، میرا ان سے کوئی ذاتی عناد نہیں ہے۔ جس طرح ینگ ڈاکٹرز یہاں دکھی انسانیت کی خدمت کررہے ہیں مجھے یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے۔ غازی علم دین شہید بلاک کی تعمیر دکھی انسانیت کی خدمت کے عزم اور ایک عظیم ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ دکھی انسانیت کو معیاری اورجدید طبی سہولتوں کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے اور اسی مقصد کے تحت صوبے بھر میں جدید طبی سہولتوں سے آراستہ ہسپتال بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سروسز ہسپتال میں اس جدید بلاک کی تعمیر اور یہاں موجود جدید طبی سہولتیں دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے۔ اس سے یقیناً دکھی انسانیت کی دعائیں ملیں گی جن سے شاید ہمارے گناہ بھی دھل جائیں۔ وزیراعلیٰ نے 17جنوری کے احتجاج کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ جب یہ دن آئیگا تو پھر بات کریں گے تاہم احتجاج کرنیوالوں کودعوت دیتا ہوں کہ وہ یہاں آئیں اور طبی سہولتیں دیکھیں۔ اسی طرح پی کے ایل آئی میں بھی علاج معالجے کی سہولتوں کو جائزہ لیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ سندھ، خیبر پی کے اورپاکستان کے دیگر صوبوں میں بھی ایسے ہسپتال بننے چاہئیں۔ احتجاج کرنے والوں سے کہتا ہوں کہ خدارا قوم کا وقت ضائع نہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم خدمت انسانیت کے منصوبوں کا افتتاح کررہے ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ احتجاجی عناصر میری مخالفت کررہے ہیں یا عوام کے ترقیاتی منصوبوں کی۔ میری ایسے عناصرسے استدعا ہے کہ خدارا قوم کا وقت ضائع نہ کریں۔ قصور میں زینب کے قتل کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم کی بیٹی زینب کے ساتھ بہت ظلم اوردرندگی ہوئی ہے ،اس واقعہ میں ملوث مجرم جب تک گرفتار نہیں ہوتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ہمیں اپنی ذمہ داری کا احساس ہے اور اسے ہر قیمت پر نبھائیں گے۔ شہبازشریف نے لاہور بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے عہدیداران کو مبارکباد دی ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی لاہور آمد پر شہبازشریف نے ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔