دنیا بھارت کو بتا دے کشمیرمیں بہت ہو چکا‘ ہمارا لہجہ کرخت ہو گیا‘ آپریشن ضرب قلم‘ کی بھی ضرورت ہے : نوازشریف - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

دنیا بھارت کو بتا دے کشمیرمیں بہت ہو چکا‘ ہمارا لہجہ کرخت ہو گیا‘ آپریشن ضرب قلم‘ کی بھی ضرورت ہے : نوازشریف

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں نیاولولہ پیدا ہوا، یہ کشمیریوں کی اپنی جدوجہد ہے ، پاکستان نے کشمیریوں کی ہمیشہ سیاسی سفارتی اوراخلاقی حمایت کی ہے ، ہم آئندہ بھی یہ حمایت جاری رکھیں گے تاکہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا حصول ممکن ہو سکے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے وہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے اور معصوم کشمیریوں پرجاری بھارتی مظالم کا نوٹس لے کرے اورتنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردارادا کرے،۔وہ جمعرات کو یہاں وزارت خارجہ امور کے اشتراک سے ینگ پارلیمنٹیرین فورم کے زیر اہتمام کشمیر کے بارے میں دو روزہ بین الاقوامی پارلیمانی سیمینار کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کشمیر پاکستان کی شناخت کا جزو لاینفک ہے، ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم ان کی خوشی سے خوش اور ان کے غم سے غمزدہ ہو جاتے ہیں۔ کشمیر کو سلگتا ہوا نہیں چھوڑا جاسکتا، دنیا بھارت کو یہ بتائے بہت ہو چکا۔وزیراعظم نے کہا جدوجہد آزادی کشمیر میں کشمیریوں کی نوجوان نسل نے ایک نیا باب رقم کیا ہے۔ کشمیرمیں جو کچھ ہو رہاہے اور بھارتی افواج جو مظالم کشمیر کے نہتے اور معصوم عوام پر ڈھا رہی ہے،عالمی برادری کو اس طرف توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوںنے کہا پاکستان اپنے تمام ہمسائیوں کے ساتھ پر امن تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا عالمی برادری کو چاہیے کہ بھارت سے کہے مقبوضہ کشمیر میں بہت ہو چکاہے ۔ سات دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں گولیوں کی تڑ تڑاہٹ سنائی دے رہی ہے۔ کشمیر میں اب مظالم بندکر کے جنوبی ایشیا کے خطے کے عوام کے لئے بھی ایسی تعمیر و ترقی پرتوجہ دینی چاہیے جس سے دنیا کے دیگر خطوں کے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکشمیریوں کی کئی نسلوں پر کئے جانے والے بھارتی مظالم اب بند ہو نے چاہئیں۔ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پرمسئلہ کشمیر اجاگر کرتا رہے گا۔ آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان ، وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی تقریب میں موجود تھے جبکہ یورپ اور شمالی امریکہ سے کشمیر کے بارے میں دانشور بھی تقریب میں شریک تھے۔